ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کیندریہ ودیالیہ کی لڑکیوں کی جنسی ہراسانی ،اسکول کا پرنسپل کمار ٹھاکر گرفتار اور ضمانت پر رہا

کیندریہ ودیالیہ کی لڑکیوں کی جنسی ہراسانی ،اسکول کا پرنسپل کمار ٹھاکر گرفتار اور ضمانت پر رہا

Sat, 04 Feb 2017 11:10:46    S.O. News Service

بنگلورو،3؍فروری(ایس او نیوز) گزشتہ سال شہر کے مختلف اسکولوں میں جنسی ہراسانیوں کے واقعات سرخیوں میں چھائے رہے، یہ سلسلہ چند دن تھماتھاکہ اب سدا شیونگر کے ایک معروف کیندریہ ودیا لیہ اسکول میں پرنسپل کی طرف سے بچوں کی جنسی ہراسانی اور انہیں اذیت دینے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ اس اسکول میں طالبات کو کچھ دنوں سے پرنسپل کی طرف سے اذیتیں دئے جانے اور ان کی جنسی ہراسانی کئے جانے کی شکایات پر سدا شیونگر پولیس نے اس اسکول کے پرنسپل کمار ٹھاکر کو گرفتار کرلیا، لیکن اس نے گرفتاری کے فوراً بعد عدالت سے مشروط ضمانت حاصل کرلی ہے، بتایاجاتا ہے کہ یہ کیندریہ ودیالیہ میں طالبات کو کچھ عرصہ سے مسلسل ہراساں کررہاتھا۔ اس سلسلے میں خود اسکول کے اساتذہ نے 14جنوری کو شہر کے پولیس محکمہ کے تحت چلنے والی مکلا سہایا وانی کو اس کی اطلاع دی اور بتایا کہ پچھلے تین سال سے کمار ٹھاکر اسکول میں زیر تعلیم لڑکیوں کو نشانہ بناتا آیا ہے، خاص طور پر ایسی لڑکیاں جو یتیم ہیں ان کو یہ زیادہ آسانی سے شکار بنالیتا ہے۔ اساتذہ نے اس سے نمٹنے میں اپنی بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے محکمۂ پولیس سے گذارش کی کہ اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔ پولیس افسران نے اس معاملے کو کافی سنجیدگی سے لیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی اور اس کی ہراسانیوں کی شکارطالبات سے بھی بیانات لئے۔ اس کی تصدیق کے بعد 25جنوری کو کمار ٹھاکر کے خلاف مقدمہ درج کیاگیا اور پانچ دن بعد پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔ بتایاجاتاہے کہ گرفتاری کے دوسرے ہی دن کمار ٹھاکر کو عدالت میں پیش کیاگیا اور 2فروری کو اسے ضمانت پر رہا کرنے کا فیصلہ کیاگیا، حالانکہ شہر میں اتنا بڑا واقعہ پیش آیا ، لیکن دانستہ طور پر اعلیٰ پولیس حکام کی طرف سے اس معاملے کی پردہ پوشی کی گئی۔ ساتھ ہی ماتحتوں کا دعویٰ ہے کہ شہر کے پولیس کمشنر پروین سود کی ایماء پر اس معاملے کو دبانے کی کوشش کی گئی۔


Share: